.

السیسی اور محمد بن سلمان کا نہرسویز کے منصوبوں کا دورہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے آج سوموار کو نہرسویز کے مختلف قومی منصوبوں کا دورہ کیا اور وہاں پرہونے والے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور صدر السیسی سمیت دیگر مہمانوں کو نہر سویز کے اقتصادی منصوبوں، تعمیرو ترقی، بندرگاہوں اور عالمی لاجسٹک مراکز سے متعلق ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

صدر السیسی اور مصر کے دورے پرآئے سعودی ولی عہد نے نہر سویز کے منصوبوں بالخصوص نیو اسماعیلیہ، نہر سویز ٹنل پروجیکٹ اور ٹیولیب ہوٹل کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے نیو اسماعیلیہ سٹی اور جزیرہ سیناء میں دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کل اتوار کو مصر کے تین روزہ دورے پر قاہرہ پہنچے تھے۔ انہوں نے قاہرہ پہنچنے کے بعد مصری صدر عبدالفتاح السیسی سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ بھی ملاقات کی۔

نہرسویز اتھارٹی کے چیئرمین جنرل مھاب ممیش نے بتایا کہ نہر سویز میں مجموعی طورپر 187 مختلف منصوبوں پرکام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقائی اور عالمی سطح کے بڑے بڑے سرمایہ کار نہر سویز کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہےہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہر سویز مصر کی تاریخ ، ماضی، حال اور مستقبل کی نمائندگی کرتی ہے۔ نہر سویز سے سالانہ 18 ہزار بحری جہاز گذرتے ہیں۔ جو مجموعی طورپر 1 ارب ٹن سے زیادہ مال تجارت دوسروں ملکوں تک پہنچاتے ہیں۔ اس طرح نہر سویز سے 10 فی صد عالمی تجارتی مال گذرتا ہے۔