.

صنعاء : مظاہرین پر حوثی ملیشیا کی فائرنگ سے کئی افراد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمنی دارالحکومت صنعاء میں عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ باغی حوثی ملیشیا کے زیر کنٹرول شہر میں اتوار کے روز سیکڑوں مظاہرین نے دارالحکومت کے سکریٹریٹ کی عمارت پر دھاوا بول کر اس میں آگ لگا دی۔ گھریلو استعمال کی گیس کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کرنے والوں نے سڑکوں پر اور سکریٹریٹ کی عمارت کے سامنے ٹائر بھی جلائے۔

ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے جائے وقوع پر پہنچ گئیں جب کہ حوثی ملیشیا نے عمارت کے احاطے میں اپنے درجنوں مسلح ارکان پھیلا دیے۔ ان ارکان نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

اتوار کے روز صنعاء میں غصّے میں بپھرے شہریوں نے گھروں میں استعمال کے لیے گیس کی عدم فراہمی کے خلاف مسلسل دوسرے روز احتجاج کیا۔ گزشتہ چھ روز سے دارالحکومت میں مذکورہ گیس کی فراہمی منقطع ہے۔

ہفتے کے روز ہونے والے احتجاج کے خلاف کریک ڈاؤن اور متعدد افراد کی گرفتاری کے بعد اتوار کو ہونے والے مظاہروں کا دائرہ صنعاء کی کئی شاہراہوں تک پھیل گیا۔ یمنی عوام حوثیوں کی کارستانیوں کے سبب درپیش معاشی بحرانات پر چراغ پا ہیں۔