.

’وفاداروں کا وفادار‘ مالک کی فوتگی کے باوجود کتا اسپتال کے دروازے پر!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

’کتے‘ کا شمار اپنے انتہائی وفادار اور صابر جانوروں میں ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کتوں کی اپنے مالکان کے ساتھ وفاداری ایک مثال بن چکی ہے۔

اس کا ایک تازہ مثال حال ہی میں برازیل میں دیکھنے کو ملی جب پانچ ماہ سے ایک کتا اپنے مالک کے فراق کے دکھ میں ایک اسپتال کےباہر دھرنا دیئے بیٹھا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق پانچ مہینے قبل برازیل میں ایک شخص بیماری کےباعث اسپتال منتقل کیا گیا تو اس کا کتا بھی اس کےساتھ ہی اسپتال چلا گیا تھا۔ چونکہ کتے کو اسپتال کے اندر نہیں جانے دیا گیا۔ اس لیے وہ باہر ہی بیٹھ گیا تھا۔ کتے کا مالک فوت ہوگیا اور اسے دفن بھی کردیا گیا مگر اس کا وفادار کتا آج بھی اپنے مالک کا غم دکھ دل میں لیے اسپتال کے باہر پڑا ہے۔

اخبار ’انڈی پنڈینٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق کتے کو مقامی لوگ نہیں جانتے اور نہ ہی انہیں یہ معلوم ہے کہ اس کا نام کیا ہے تاہم وہ اتنا جانتے ہیں کہ یہ کتا اپنے مالک کے ساتھ پانچ ماہ قبل اسپتال میں آیا اور آج تک وہاں سے واپس نہیں گیا۔

اس کے انچاس سالہ مالک کو تیز دھار آلےسے زخمی کیا گیا جس کے بعد اسے ’سانٹا کاز دی نوفا‘ نامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ مگروہ جانبر نہ ہوسکا۔ کتا اپنے مالک کی ایمبولینس کے پیچھے پیچھے اسپتال پہنچا اور اپنے مالک کی صحت یابی اور واپسی کے انتظار میں بیٹھ گیا۔ لوگ اسے وہاں سے بھگانے کی کوشش کرتے ہیں مگر وہ جگہ چھوڑنے کو تیار نہیں۔

برازیل کے مقامی اخبارات میں بھی اس کتے کی وفاداری کی خبریں شائع ہو رہی ہیں۔ کتا بہت دکھی لگتا ہے۔ اسپتال کی نرسیں اور دیگر ملازمین اس کے آگے کھانی کی چیزیں ڈال دیتےہیں۔ حال ہی میں اسپتال کی انتظامیہ نے کتے کو وہیں پر ٹھکانہ بھی فراہم کردیا ہے۔