ایران کا سعودی عرب کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں:محمد بن سلمان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

سعودی عرب کے ولی عہد،نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی ٹیلی ویژن ’سی بی ایس‘ کو دیے گئے انٹریو میں کہا ہے ایران سعودی عرب کاحریف نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کا سعودی عرب کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں۔ ایران دنیا کی پانچ بڑی فوجی قوتوں میں بھی شامل نہیں اور نہ ہی اقتصادی میدان میں ایران کا سعودی عرب کے ساتھ کوئی مقابلہ ہے۔

ایک دوسرے سوال کے جواب میں شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ایران نے القاعدہ عناصر کو پناہ دی اور انہیں حوالے کرنے کے مطالبات مسترد کیے۔ یمن کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران نےیمن کے ایک بڑے حصے پر اپنے نظریات مسلط کرنے کی کوشش کی۔ یمن کے حوثی باغیوں نے انسانی امداد کو اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ یمنی عوام بھوک سے مررہے ہیں اور حوثی باہر سےآنے والی امداد کی لوٹ مار کررہے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے سعودی عرب کی سلامتی خطرے میں ڈالی اور سرحدوں کا امن تباہ کیا۔ انہیں تخریب کاری اور دہشت گردی کے لیے ایران کی طرف سے مدد مل رہی ہے۔

امریکا پہنچنے سےقبل ’CBS‘ ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سنہ 1979ء میں ایران میں برپا ہونے والے انقلاب کے بعد ہم انتہا پسندی کا سب سے زیادہ شکار ہوئے ہیں بالخصوص میری ہم عمر نسل سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسامہ بن لادن نے پندرہ سعودیوں کودہشت گردی کے لیے بھرتی کیا۔ وہ امریکا اورسعودی عرب کے درمیان کشیدگی پیدا کرنا چاہتے تھے۔

سعودی عرب میں خواتین کے حقوق سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ولی عہد نے کہا کہ ہم مملکت میں خواتین اور مردوں کی تنخواہوں میں مساوات کا قانون لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے مملکت میں خواتین کے حقوق اور آزادی نسواں کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سعودی عرب میں مردو خواتین کےدرمیان مساوات بالخصوص ملازمت اور تن خواہوں میں برابری کے لیے کوشاں ہے۔ چند ماہ کے بعد سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی بھی اجازت مل جائے گی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ماضی میں خواتین کو اسلام میں دیے گئے حقوق فراہم نہیں کیے گئے مگر اب حکومت اس باب میں اہم اقدامات کررہی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد کے ’سی بی ایس‘ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کی کچھ جھلکیاں گذشتہ جمعرات کو ٹی وی پر نشر کی گئی تھیں۔انٹریو میں شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جرمن ڈکٹیٹر اڈولف ہٹلر سے تشبیہ دی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں