شام: عفرین میں دھماکا، 7 شہری اور جیشِ حُر کے 4 ارکان جاں بحق

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

ترکی کی خبر رساں ایجنسی اناضول کے مطابق شام کے شہر عفرین میں اتوار کی شب ایک چار منزلہ عمارت کے اندر بم دھماکے کے نتیجے میں 7 شہری اور شامی جیشِ حُر کے 4 جنگجو جاں بحق ہو گئے۔

ایجنسی کے مطابق مبینہ طور پر دہشت گردوں کی جانب سے نصب کیا جانے والا بم اُس وقت پھٹا جب شامی اپوزیشن کے جنگجو عمارت کی تلاشی میں مصروف تھے۔ ترکی کی فوج نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے شامی کرد پیپلز پروٹیکشن یونٹس کے جنگجوؤں کو عفرین سے نکالنے کے لیے 8 ہفتوں تک جاری آپریشن کے بعد شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

شام کے شہر عفرین میں مقامی کرد انتظامیہ نے اتوار کے روز شہر پر ترکی کے قبضے کے بعد کہا ہے کہ "جب بھی موقع ملا تو عفرین کے تمام حصوّں میں موجود کرد فورسز ترکی اور اس کے حلیفوں کے ٹھکانوں پر حملہ کریں گی اور ترکی کے لیے ایک مستقل بھیانک خواب ثابت ہوں گی"۔ انتظامیہ کے مطابق کرد فورسز ترکی کی فوج کے ساتھ کسی بھی براہ راست مقابلے سے دُور رہیں گی۔

ترکی اور اس کے ہمنوا شامی گروپوں نے اتوار کے روز عفرین شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا تھا۔ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے عفرین پر کنٹرول حاصل کر لینے اور وہاں ترکی کا پرچم لہرائے جانے کا اعلان کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں