.

لیبیا: سیف الاسلام قذافی زنتان میں رہ رہے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا کے مغربی شہر زنتان میں سیاسی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سیف الاسلام قذافی لیبیا میں قومی مصالحت کے ایک جامع منصوبے کا اعلان کریں گے۔

مذکورہ ذرائع نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے بیٹے نے گزشتہ برس جون میں رہائی کے بعد سے زنتان کے مضافات میں ہی رہائش اختیار کر رکھی ہے۔ اس دوران سیف نے چند مرتبہ ہی زنتان سے باہر کا سفر کیا جس کا مقصد فرانس کے ںمائندوں اور لیبیا کے مشرق میں فوجی قیادت سے ملاقات تھی۔ ذرائع کے مطابق سیف کے نمائندوں نے قومی مصالحتی منصوبے کی تیاری کے لیے حالیہ عرصے میں لیبیا کے قبائلی عمائدین اور موجودہ منظرنامے میں سرگرم فریقوں کے ساتھ بکثرت ملاقاتیں کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیبیا میں صورت حال سیف الاسلام کے اعلانیہ طور پر نمودار ہونے کے لیے بڑی حد تک موزوں ہوتی جا رہی ہے۔ تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے بعض لیبیائی جانبوں سے مخالفت سامنے آنے کا بھی امکان ہے۔ ان میں مصراتہ شہر کی سیاسی شخصیات اور ملیشیائیں اور اسلامی سیاسی گروپ سرفہرست ہیں۔ البتہ سیف الاسلام کو ملک کے مشرق اور جنوب میں بڑے پیمانے پر عوام میں مقبولیت حاصل ہے۔

ذرائع کے مطابق آج پیر کے روز تیونس میں ہونے والی کانفرنس میں آئندہ انتخابات سے متعلق پروگرام شامل ہو گا تاہم سیف الاسلام قذافی آنے والے دنوں میں اپنی تمام تر توجہ قومی مصالحت کے جامع پروگرام پر مرکوز رکھیں گے۔