.

شہزادہ محمد کی امریکا میں 40 عالمی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ولی عہد،نائب وزیراعظم اور جنرل انویسٹمنٹ فنڈ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کل بدھ کو امریکا میں 40 بین الاقوامی کمپنیوں کے سرہراہان سے ملاقاتیں کیں۔

سعودی عرب کے خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو صاحبان سے ملاقاتوں میں ولی عہد نے تین بڑے منصوبوں نیوم، بحر الاحمر پروجیکٹ اور القدیہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر ولی عہد نے عالمی کمپنیوں کے عہدیداروں سے تینوں منصوبوں کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ تینوں پروجیکٹ سعودی عرب کے روشن مستقبل، اقتصادی ترقی اور سماجی بہبود کے حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

قبل ازیں منگل کو سعودی ولی عہد نے ’سافٹ بنک‘ کے ساتھ شمسی توانائی کے سب سے بڑے منصوبے پر دستخط کیے۔ اس منصوبے کے تحت 200 گیگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔ اس منصوبے پر 200 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔