.

تکریت : 2014ء میں داعش کے ہاتھوں مارے جانے والے عراقی فوجیوں میں 158 کی لاشیں برآمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق میں وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اُسے 158 فوجیوں کی باقیات ملی ہیں جن کو داعش تنظیم نے 2014ء میں تکریت شہر کے نزدیک سبائکر کے فوجی اڈے پر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

وزرت کے بیان کے مطابق مذکورہ فوجی داعش کی کارروائی میں مارے جانے والے 1700 عراقی فوجیوں میں شامل تھے۔ ان فوجیوں کی لاشیں صلاح الدین صوبے کے مرکز تکریت شہر میں صدارتی محلوں کے کمپاؤنڈ میں برآمد ہوئیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ کمپاؤنڈ کے اندر ایک اور اجتماعی قبر بھی ملی ہے اور اس پر بھی کام کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ داعش تنظیم نے جون 2014ء میں تکریت کے شمال میں اپنے قبضے کے بعد وہاں واقع "سبائکر" کے فوجی اڈے میں موجود سیکڑوں عسکری تربیت کاروں اور طلبہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ بعد ازاں عراقی فورسز نے اس اڈے کو واپس لے لیا۔