.

جبہۃ النصرہ اور داعش میں شمولیت ، 2 فرانسیسیوں کو 15 برس کی قید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پیرس میں ایک فوجداری عدالت نے جمعے کے روز دو فرانسیسی شہریوں کو شام جا کر دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت اختیار کرنے کے الزام میں 15 برس قید کی سزا سنائی ہے۔ ملزمان کو اس قید کی مدت کا دو تہائی عرصہ لازمی طور پر پورا کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق 23 سالہ منیر دیوارہ اور 22 سالہ روڈریگ کنوم پر الزام تھا کہ ان دونوں نے 2013ء میں 28 مئی سے 12 اگست تک کا عرصہ شام میں گزارا۔ اس دوران انہوں نے پہلے جبہۃ النصرہ تنظیم اور پھر اس کے بعد داعش تنظیم میں شمولیت اختیار کی۔

عدلیہ نے دونوں نوجوانوں کو مذکورہ تنظیموں کی عسکری کارروائیوں میں شریک ہونے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے ارتکاب کے حوالے سے قصور وار ٹھہرایا۔ روڈریگ کنوم کی تو ایک تصویر بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں اس نے ایک کٹا ہوا سر تھام رکھا تھا۔

عدالت کی سماعت ختم ہونے سے قبل دونوں نوجوانوں نے اپنے کیے پر ندامت کا اظہار کیا۔