.

مصری ماڈل نے ٹی وی شو کے میزبان کی ’لائیو‘ پٹائی کر دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ٹاک شوز میں مہمانوں کی باہمی دھینگا مشتی اور بعض اوقات مہمان کے ساتھ الجھن کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں۔ ایسے ہی واقعات میں حال ہی میں اس وقت ایک نیا اضافہ ہوا جب ایک مصری ماڈل نے لائیوٹی وی شو میں میزبان کی درگت بنا ڈالی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصر میں ٹی وی شو میں مہمان ماڈل اور میزبان کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور میزبان کو جان بچانے کے لیے پولیس طلب کرنا پڑی۔

’الصحہ والجمال‘ ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والے ایک پروگرام میں اس وقت میزبان اور مہمان خاتون کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی جب دونوں کسی بات پر الجھ گئے۔ خاتون مہمان نے آؤ دیکھا نہ تاؤ میزبان پر چڑھ دوڑیں۔ میزبان کو پہلے نشریات بند کرنا پڑیں اور اس کے بعد اپنی مدد کے لیے پولیس بلانا پڑ گئی۔

ٹی وی شو میں مہمان اور میزبان کے درمیان ہونے والی دھمنگا مشتی کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور اس پرملے جلے تاثرات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سماجی کارکنوں نے واقعے کو میڈیا میں عدم برداشت کی واضح مثال قرار دیا ہے۔ بعض نے اسے پروگرام کی ریٹنگ بڑھانے کا ذریعہ سمجھا ہے۔