"شامی جہنّم کی خاتون اوّل" ملبے کے بیچ پُرتعیّش زندگی سے لطف اندوز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

ایک ایسے وقت میں جب شام کے بچّے جنگ کے ساتھ زندگی کے مشکل ترین دن جی رہے ہیں اور گیس حملوں اور بھوک سے دم توڑ رہے، صدر بشار الاسد اور اس کی اہلیہ اسماء پُر تعیّش زندگی کے مزے لُوٹ رہے ہیں۔ برطانیہ میں پیدا ہونے والی اسماء الاسد کو "جہنّم کی خاتون اوّل" کے نام سے جانا جاتا ہے۔

امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق بشار اور اس کی بیگم دمشق میں جس محل میں رہتے ہیں اس کی قیمت ایک ارب ڈالر کے قریب ہے۔ یہ محل غوطہ شرقیہ سے دس میل سے زیادہ کی دوری پر نہیں جہاں شامی حکومت کی ہمنوا فورسز کے زریعے بے قصور لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا۔

اسماء الاسد کو ماضی میں شام کی شہزادی ڈیانا کے نام سے بھی جانا گیا تاہم اسے ابھی تک اپنے ملک میں حقارت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

سال 2012ء میں وکی لیکس نے بشار الاسد کی 42 سالہ اہلیہ کے نجی برقی پیغامات جاری کیے تھے جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ شامی خاتون اول نے خون ریز خانہ جنگی شروع ہونے کے ایک سال بعد فرنیچر کی خریداری پر 3.5 لاکھ ڈالر خرچ کر ڈالے تھے۔ اس کے علاوہ اسماء الاسد نے جوتوں کی ایک جوڑی بھی خریدی جس کی قیمت 7 ہزار ڈالر تھی۔ اس جوتے کی ایڑھی میں کرسٹل جڑا ہوا تھا۔

دمشق میں بشار الاسد جس محل میں سکونت پذیر ہے اسے 1979ء میں بنایا گیا تھا۔ محل کو مشہور جاپانی آرکیٹیکٹ کنزو ٹینگ نے ڈیزائن کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق محل کے ایک کمرے میں سنگ مرمر کے سوا لاکھ ٹکڑے لگے ہوئے ہیں جن پر 1 کروڑ ڈالر سے زیادہ لاگت آئی۔

اگرچہ اس محل پر خطیر لاگت آئی تاہم 3.4 لاکھ مربع فٹ رقبے کا یہ گھر دمشق کے مغربی حصّے میں اپنے محلِ وقوع کے سبب بآسانی میزائلوں کا ہدف بن سکتا ہے۔

سال 2011ء میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے بشار الاسد کی جانب سے 28 مرتبہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا جا چکا ہے تاہم اس کے باوجود شامی حکومت کا میڈیا اسماء الاسد کی ایسی تصویر پیش کرتا ہے گویا کہ وہ "صحراء میں گلاب کا پھول" ہو۔

اسماء الاسد 1975ء میں مغربی لندن میں پیدا ہوئی۔ اس کے والدین کا تعلق حمص کے ایک سُنّی گھرانے سے ہے۔ لندن کے کوئنز کالج سے کمپیوٹر اور فرانسیسی ادب کی تعلیم حاصل کر کے اسماء نے بینکنگ سیکٹر میں کام شروع کر دیا۔

اسماء اور بشار الاسد 2000ء میں ایک "خفیہ" تقریب کے دوران رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ شادی کے وقت بشار کی عمر 35 برس اور اسماء کی 25 برس تھی، دونوں کے تین بچّے ہیں۔

اکتوبر 2016ء میں اسماء نادر طور پر روس کے چینل 24 کو انگریزی زبان میں دیے گئے ایک انٹرویو میں نمودار ہوئیں۔

اسماء کا کہنا تھا کہ "میں ابتدا سے یہاں پر ہوں اور میں نے کسی بھی دوسری جگہ کے بارے میں ہرگز نہیں سوچا۔ جی ہاں مجھے شام سے کوچ کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔ اس پیش کش میں میری اور میرے بچوں کی سلامتی کے علاوہ مالی تحفظ کی بھی یقین دہانی کرائی گئی تھی"۔

انٹرویو میں اسماء نے مغربی ممالک کی جانب سے شام پر عائد پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان سے عام شہریوں کو تکلیف پہنچے گی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں