.

شامی حکومت کے پمفلٹوں میں شہریوں سے حمص اور حماہ کے نواح سے کوچ کرنے کا مطالبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام میں بشار حکومت کے ہیلی کاپٹروں نے شمالی حمص اور جنوبی حماہ کے نواحی علاقے میں پمفلٹس گرائے ہیں جن میں وہاں کے شہریوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مسلح افراد کے ٹھکانوں سے کوچ کر جائیں۔

یہ اقدام اس بات کی دلیل ہے کہ شامی حکومت مذکورہ علاقے میں جلد ہی فوجی آپریشن کا ارادہ رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ حمص اور حماہ کے نواح میں واقع قصبوں پر شامی اپوزیشن گروپوں کا کنٹرول ہے۔ ان گروپوں میں سابقہ النصرہ فرنٹ شامل ہے۔

دوسری جانب شامی حکومت نے الیرموک کیمپ اور دمشق کے جنوبی حصّوں میں مسلسل چوتھے روز بھی کارروائی جاری رکھی۔ اس کا مقصد داعش اور النصرہ فرنٹ کے جنگجوؤں کے ساتھ علاقے سے نکلنے کے حوالے سے طے پائے گئے معاہدے پر عمل درامد کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق لڑائی کے سبب الیرموک کیمپ میں تقریبا 6 ہزار فلسطینی شہری پھنسے ہوئے ہیں۔

ادھر ایک سفارت کار نے عربی روزنامے الشرق الاوسط کو بتایا ہے کہ شام کے بحران کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کے سفیروں کا اجلاس سویڈن میں اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے بحران کے حل کے واسطے کوششوں کو بڑھانے اور اختلافات ختم کرنے پر اتفاق کیا۔