شاہ سلمان "القِدیہ سِٹی" کے منصوبے کا سنگِ بنیاد بدھ کو رکھیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز بدھ کے روز مملکت کے سب سے بڑے تفریحی ، ثقافتی اور کھیلوں کے شہر "القِدیہ سِٹی" کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس کی تعمیر سعودی دارالحکومت ریاض کے مغرب میں ہو گی۔

سنگِ بنیاد کی تقریب میں سینئر مقامی اور بین الاقوامی عہدے داران کے علاوہ سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہو گی۔ منصوبے کا پہلا مرحلہ 2022ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔

سعودی جنرل انویسٹمنٹ فنڈ میں القدیہ پروجیکٹ کے فاؤنڈیشن بورڈ کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر فہد بن عبداللہ تونسی کے مطابق اس منصوبے کی تکمیل سے مملکت کی معیشت کو کئی قسم کے بلا واسطہ اور بالواسطہ فوائد حاصل ہوں گے اور ترقی کا پہیّہ بھی تیز ہو گا۔

سعودی عرب کے شہریوں میں دو تہائی افراد 35 برس سے کم عمر ہیں۔ لہذا القدیہ سِٹی مملکت کے باسیوں کے واسطے انتہائی کشش کا حامل ہو گا جو ملک سے باہر سیاحت اور تفریح پر سالانہ 30 ارب ڈالر کے قریب خرچ کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں منصوبے سے سعودی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع جنم لیں گے۔

القِدیہ پروجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو مائیکل ریننگر کا کہنا ہے کہ "القدیہ" کا دورہ کرنے والے افراد تفریح ، کھیل اور ثقافت سے متعلق شان دار سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔

یہاں فراہم کردہ سرگرمیوں میں تربیتی اکیڈمیز، صحرائی ٹریکس، پانی اور برف کے حوالے سے تفریحی سرگرمیاں، ہوائی جاں بازی کی سرگرمیاں اور سفارتی کے تجربات شامل ہوں گے۔ علاوہ ازیں منصوبے میں تجارتی مراکز، ریستوران، ہوٹلز اور پراپرٹی منصوبے شامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ القِدیہ کے اطراف میں واقع پہاڑ اس منصوبے کو منفرد رُوپ بخشیں گے۔

سعودی دارالحکومت ریاض سے 40 کلو میٹر کی دُوری پر واقع "القِدیہ سٹی" کا منصوبہ مجموعی طور پر 334 مربع کلو میٹر کے رقبے پر مشتمل ہو گا۔ یہ قائم کیے جانے والے چھ ضخیم کمپلیکسز میں تعلیمی اور تفریحی تنصیبات کے ساتھ اعلی درجے کے کھیلوں کے مراکز بھی ہوں گے جہاں عالمی سطح کے مقابلوں کا انعقاد ہو گا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں