نئی ایرانی ایپلی کیشن میں "امریکا مردہ باد" کے نعرے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

ایران اس وقت ایک نئی میسجنگ ایپلی کیشن کے فروغ پر کام کر رہا ہے۔ اس ایپلی کیشن میں کئیEmojis دی گئی ہیں جن میں "امریکا مردہ باد" کا نعرہ بھی شامل ہے۔ مقامی طور پر تیار کی گئی یہ نئی ایپلی کیشن Telegram کے متبادل کے طور پر متعارف کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملک میں حالیہ احتجاجی مظاہروں اور شورشوں میں اہم کردار کے سبب ایرانی حکام کی جانب سے ٹیلیگرام ایپلی کیشن کو شدید ملامت کا نشانہ بنایا گیا۔

مذکورہ نئی ایپلی کیشن کا نامSoroush ہے۔ اس میں بہت سی ایموجی متعارف کرائی گئی ہیں۔ ان میں حجاب پہننے والی خواتین اور ایرانی رہبر اعلی علی خامنہ ای کی تصویر کے علاوہ "امریکا مردہ باد" اور "اسرائیل مردہ باد" سے متعلق ایموجیز شامل ہیں۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ سوروش ایپلی کیشن کو ڈاؤن لوڈ کرنے والے پہلے 5 صارفین کو سونے کے سکّوں کی شکل میں انعامات سے نوازا جائے گا۔ پاسداران نے اس مقابلے کا اعلان "ٹیلیگرام" پر اپنے صفحے پر کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایرانی رہبر اعلی علی خامنہ ای اس نئی ایپلی کیشن میں رجسٹر ہونے والی سب سے پہلی شخصیت ہیں۔ انہوں نے "ٹیلیگرام" میں اپنے اکاؤنٹ کو بند کرنے اور "سوروش" میں اکاونٹ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

ایران میں "ٹیلیگرام" استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کا اندازہ 5 کروڑ کے قریب لگایا گیا ہے۔ ادھر "سوروش" ایپلی کیشن میں اب تک 50 لاکھ صارفین اپنا اندراج کرا چکے ہیں۔ اپنی خصوصیات کے لحاظ سے یہ نئی ایپلی کیشن بڑی حد تک ٹیلیگرام سے ملتی جلتی ہے۔ تاہم یہ ٹیلیگرام جیسی پرائیویسی کی حامل نہیں اور ایپلی کیشن کے ذمّے داران کی جانب سے صارفین کی ذاتی معلومات کے خفیہ رہنے کے حوالے سے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔

یاد رہے کہ ایران نے عوامی اداروں میں کئی ایپلی کیشنز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس طرح کی بھی خبریں ہیں کہ ایرانی حکام جلد ہی "ٹیلیگرام" پر بھی پابندی لگانے والے ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران میں رہبر اعلی علی خامنہ ای، صدر حسن روحانی اور دیگر سینئر عہدے داران کثرت کے ساتھ "ٹوئیٹر" پر اپنے اکاؤنٹس کا استعمال کر رہے ہیں جب کہ ایران میں سرکاری طور پر "ٹوئیٹر" کو بلاک کر دیا گیا ہے۔ خامنہ ای کے "ٹوئیٹر" پر مختلف زبانوں میں 7 اکاؤنٹس ہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں