.

صعدہ : یمنی فوج کی حوثیوں کے سربراہ کے گڑھ کی جانب پیش قدمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ سرکاری فوج نے صعدہ صوبے کے ضلعے مران میں حوثیوں کے سربراہ عبدالملک الحوثی کے گڑھ کی جانب پیش قدمی کی ہے۔ آئینی حکومت کی فورسز نے 5 سمتوں سے صعدہ صوبے کا محاصرہ کر رکھا ہے جب کہ سرحدی محافظین کی فورس نے البقع کے محاذ پر 8 تزویراتی ٹھکانوں کو آزاد کرا لیا ہے۔

مذکورہ ذرائع نے ہی باور کرایا ہے کہ یمنی فوج مران کے پہاڑی سلسلے میں باغیوں کی کارروائیوں کی کمان کے مرکز کے نزدیک پہنچ گئی۔ اس مرکز کی نگرانی ایرانی پاسداران انقلاب کے افسران کر رہے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ افسران غاروں میں بنائے گئے عسکری اڈوں کو چلا رہے ہیں اور یہاں ایرانی میزائلوں اور ہتھیاروں کے گودام موجود ہیں۔

دوسری جانب صعدہ میں اتحادی لڑاکا طیاروں کے حملے میں حوثی کمانڈر میجر جنرل صبری عبدالکریم سالمین اپنے کئی ساتھیوں سمیت مارا گیا۔

اس کے علاوہ کتاف ضلعے کے علاقے الصوح میں یمنی فوج کے ہاتھوں باغیوں کا ایک گروپ ہلاک ہو گیا۔ یہ باغی گزشتہ رات مذکورہ علاقے میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔