امریکی فوج شام سے کبھی نہیں جائے گی: سربراہ فرانسیسی فوج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

فرانسیسی فوج کے سربراہ فرانسوا لیوکوانٹا نے کہا ہے کہ وہ “سوچ بھی نہیں سکتے” کہ امریکی فوج داعش کا خاتمہ کرنے سے پہلے شام سے انخلا کرے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کئی مرتبہ شام سے اپنی فوج کی واپسی کے اعلانات کر چکے ہیں۔

"سی نيوز" نامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انھوں نے مزید کہا کہ داعش کو شکست دینا میری اولین ترجیح ہے۔ اسی لئے میں سمجھتا ہوں کہ امریکیوں کے ساتھ ہمارا شام میں رہنا ضروری ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ داعش کو شکست دیئے بغیر امریکی ملک چھوڑیں گے۔

امریکی قیادت میں بین الاقوامی اتحاد اس وقت عراق اور شام میں انتہا پسند تنظیم داعش کے خلاف نبرد آزما ہے۔ فرانس بھی اس عالمی اتحاد کا حصہ ہے۔

اوائل اپریل صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا جلد ہی شام میں موجود اپنے دو ہزاروں فوجیوں کو وطن واپس بلا لے گا۔

ادھر دوسری جانب فرانسیسی فوج کے سربراہ نے اپنے ملک کی اسپیشل ٹاسک فورس کو شام میں تعینات رکھنے کا عندیہ ظاہر کیا، تاہم انھوں نے اس سلسلے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اسپیشل ٹاسک فورس سمیت داعش کے خاتمے کے لئے ہر طریقہ بروئے کار لائیں گے۔ فرانس عمومی طور پر میدان جنگ میں اپنی ایلیٹ فورس کے استعمال سے متعلق تفصیلات ظاہر نہیں کرتا۔

اپریل کے اواخر ہی میں امریکی وزیر دفاع جمیز میٹس نے انکشاف کیا تھا کہ پیرس نے شام میں اپنی اسپیشل ٹاسک فورس کی کمک بھیجی ہے۔

امریکی حمایت یافتہ عرب کرد اتحاد پر مشتمل سیرئین ڈیموکریٹک فورس نے منگل کے روز شام کے مشرقی علاقوں میں داعش کے خلاف کارروائی کے آخری مرحلے کا اعلان کیا تھا۔

فرانسیسی فوجی قیادت کی جانب پیش کردہ اندازوں کے مطابق داعش کے دو ہزار جنگجوں تنظیم کے آخری گڑھ میں مورچہ زن ہیں۔

ایران اور مغربی ملکوں کے درمیان طے پانے والے نیوکلیئر معاہدے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے جنرل لیوکوانٹا نے کہا کہ مجھے کوئی ایسی معلومات نہیں جن کی بنا پر میں یہ بیان دے سکوں کہ ایرانی اس معاہدے کی پابندی نہیں کر رہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ ان کے ملک کے پاس اس بات کے قطعی ثبوت ہیں کہ ایران کے پاس ایسے خفیہ منصوبہ کے بلیو پرنٹ موجود ہیں کہ جنہیں استعمال کرتے ہوئے وہ کسی بھی لمحے ایٹمی اسلحہ تیار کر سکتا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں