عراقی سکیورٹی حکام کی جانب سے البغدادی کی روپوشی کے ممکنہ مقام کا انکشاف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

عراقی سکیورٹی حکام نے انکشاف کیا ہے کہ داعش تنظیم کا سرغنہ ابوبکر البغدادی عراقی سرحد کے نزدیک شامی علاقوں میں روپوش ہے۔

امریکی چینلFox News نے عراقی وزارت داخلہ کے زیر انتظام انٹیلی جنس اور انسداد منشیات کے ڈائریکٹر جنرل ابو علی البصری کے حوالے سے بتایا ہے کہ تازہ ترین معلومات کے مطابق البغدادی شام کے قصبے حجین میں موجود ہے۔ یہ قصبہ دیر الزور صوبے میں (شامی عراقی) سرحد سے 18 میل کی دُوری پر واقع ہے۔ البصری کے مطابق اس سلسلے میں روسی ، شامی اور ایرانی یونٹوں کے ساتھ کثیر القومی افواج کے مشترکہ حملے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب عراقی وزارت دفاع کے ترجمان بریگڈیئر جنرل یحی رسول نے باور کرایا ہے کہ البغدادی (جس کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات فراہم کرنے پر 2.5 کروڑ ڈالر کی رقم رکھی گئی ہے) دریائے فرات کے مشرق میں سرحدی علاقے میں رہنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس وقت شام کے صوبے الحسکہ کے قصبے الشدادی میں بھی ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے ترجمان مصطفی بالی کا کہنا ہے کہ داعش تنظیم کا سرغنہ اس وقت شامی عراقی سرحد پر واقع درجنوں قصبوں میں سے کسی قصبے میں موجود ہو سکتا ہے۔

ادھر شدت پسند اور دہشت گرد تنظیموں کے امور کے ماہر ہشام الہاشمی کے مطابق البغدادی کی نقل و حرکت آخری مرتبہ 2017ء کے موسم گرما میں قریب سے کڑی نگرانی کی زد میں آئی تھی جب وہ نینوی صوبے میں موصل کے نزدیک ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو رہا تھا۔

الہاشمی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی افراد سے ملاقات کی جنہوں نے البغدادی اور اس کے بعض ساتھیوں کو پہچان لیا تھا۔ ان لوگوں کے مطابق وہ بنا کسی قافلے اور ذاتی محافظ کے صرف 3 افراد کے ہمراہ منتقل ہوتا ہے۔ یہ تین افراد اس کا بیٹا، داماد اور ایک دوست ہے جو اس کے لیے ڈرائیور کی ذمے داری انجام دیتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جون میں روسی وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ وہ 28 مئی 2017ء کو شام کے شہر رقّہ کے نزدیک آپریشن میں البغدادی کے ہلاک ہونے کی رپورٹوں پر غور کر رہا ہے۔ تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ داعش کا سرغنہ مارا نہیں گیا بلکہ آپریشن کے دوران زخمی ہوا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں