یمن : صعدہ میں باغیوں کے میزائل لانچنگ پیڈز تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے اتوار کو علی الصبح صعدہ اور صنعاء میں متعدد حملوں کے دوران حوثی ملیشیا کے میزائل لانچنگ پیڈز تباہ کر دیے۔

ان حملوں میں باغی ملیشیا کے درجنوں ارکان ہلاک ہو گئے جن میں میزائل کے ماہرین بھی شامل ہیں۔

زمینی ذرائع کے مطابق اتحادی طیاروں نے صعدہ کے شمال میں باقم کے علاقے میں حوثی ملیشیا کے زیر انتظام میزائل لانچنگ پیڈز کو نشانہ بنایا۔ ان مقامات کو سعودی اراضی کی جانب میزائل داغے جانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ دارالحکومت صنعاء کے شمال میں ضلاع کے علاقے میں واقع الغوش عسکری کیمپ میں بھی میزائلوں کے ایک دوسرے لانچنگ پیڈ پر حملے کیے گئے۔

اس دوران سحار ضلعے میں علاف اور المعاذر کے علاقوں میں باغیوں کے جتھوں اور ٹھکانوں اور صعدہ شہر کے مشرق میں کہلان کے عسکری کیمپ کو بھی حملوں کی لپیٹ میں لیا گیا۔

دوسری جانب مغربی ساحل کے محاذوں پر حوثی ملیشیا اور یمنی فوج کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق یمنی فوج نے الحدیدہ صوبے کے جنوب میں التحیتا ضلعے میں وادی متنہ کے اطراف میں واقع العریضہ عسکری کیمپ پر کنٹرول حاصل کر لیا۔

عسکری ذرائع نے مغربی ساحل کے محاذ پر یمنی فوج کے لیے بڑی عسکری کمک پہنچنے کی تصدیق کی ہے جہاں التحیتا اور الجراحی کے ضلعوں میں حوثی ملیشیا کے خلاف شدید معرکوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مارب صوبے کے مغرب میں صراوح کے محاذ پر یمنی فوج اور باغیوں کے درمیان جھڑپیں دوبارہ سے شروع ہونے کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے کم از کم آٹھ ارکان مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہو گئے۔ کارروائی میں یمنی فوج کو اتحادی طیاروں کی معاونت حاصل رہی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں