.

داعش کو شامی فوج نے دمشق کے آخری ٹھکانے سے بھی بیدخل کر دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شامی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوجوں نے دمشق کے نواحی علاقے میں قائم داعش کے آخری ٹھکانے کو بھی ختم کرتے ہوئے یرموک فلسطینی پناہ گزین سے بھی داعش کے جنگجوؤں کو نکال باہر کیا ہے۔

انسانی حقوق کی آبزرویٹری کی طرف سےجاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے یرموک پناہ گزین کیمپ سے داعش کے 3600 جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں کو 32 بسوں کے ذریعے اتوار اور سوار کے دنوں میں نکالا گیا۔ اس کے بعد سرکاری فوج نے یرموک کیمپ کی تمام کالونیوں القدم، التضامن اور الحجر الاسود کا کنٹرول سنھبال لیا ہے۔

شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سرکاری فوج نے جنوبی دمشق میں الحجر الاسود کالونی سے داعش کے جنگجوؤں کو نکال باہر کیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق یہ دمشق میں داعش کے جنگجوؤں کا آخری ٹھکانہ تھا، جسے خالی کرا لیا گیا ہے۔

شامی فوج اور اس کے حلیفوں نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے حجر الاسود کالونی، یرموک کیمپ اور اس کے اطراف سے داعش کے جنگجوؤں کو نکال باہر کرنے کے بعد دارالحکومت دمشق کو داعش سے مکمل طور پر پاک کر لیا ہے۔

قبل ازیں انسانی حقوق آبزرویٹری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسدی فوج اور داعش کے درنیان جنوبی دمشق میں انخلاء کا ایک معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے کے تحت داعش کے جنگجوؤں اور ان کے خاندانوں کو وہاں سے نکلنے کے لیے محفوظ راستہ مہیا کیا جائےگا۔