سعودی بچّی نے مشرقی صوبے کے نائب گورنر سے کیا پوچھ لیا ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں ذیابیطس کے مریضوں کی سپورٹ کے لیے منعقد ایک پروگرام کے دوران اسٹیج پر موجود بچی نے مہمان خصوصی اور صوبے کے نائب گورنر شہزادہ احمد بن فہد بن سلمان سے پورے اعتماد کے ساتھ سوال پوچھ کر تمام لوگوں کو حیران کر ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق 8 سالہ سعودی بچّی لیان فیاض نے حاضرین کے سامنے اسٹیج پر گفتگو کے دوران اچانک نائب گورنر کی جانب متوجہ ہو کر پوچھا "کیا آپ لوگوں کے سامنے عینک لگانے سے شرماتے ہیں؟"۔ نائب گورنر نے جواب دیا "یقینا نہیں"۔ اس پر لیان نے واپس اپنی جگہ پر آتے ہوئے کہا کہ "میں بھی اسی طرح ذیابیطس کی دوست ہوں اور لوگوں کے سامنے انسولین کا انجکشن لگانے سے نہیں شرماتی"۔

لیان کے بھرپور اعتماد پر مبنی موقف کو لوگوں کے موبائل فونز کے کیمروں کی آنکھ نے محفوظ کر لیا۔ سوشل میڈیا پر عوامی حلقوں نے کم سن لیان کے انداز کو بھرپور انداز سے سراہا۔ لیان نے چند منٹوں کے اندر انتظامیہ کے منصوبے کا پیغام پہنچا دیا جس کے بعد حاضرین نے کھڑے ہو کر اس ننھی بچی کو تالیاں بجا کر داد دی۔

اس پروگرام کا انعقاد پیر کے روز مشرقی صوبے کے چیمبر میں کیا گیا۔ اس کا مقصد ذیابیطس کی دونوں اقسام یعنی ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو کے مریضوں کے لیے سپورٹ پیش کرنا تھا تا کہ وہ مستقل نوعیت کے درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کر کے صحت اور سلامتی کے ساتھ زندگی گزار سکیں اور اپنی شوگر لیول کو کنٹرول کر سکیں۔ اس دوران انتظامیہ کی جانب سے ذیابیطس کے مریضوں میں 1500 گلوکو میٹر بھی تقسیم کیے گئے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں