سعودی عرب کے ساتھ خصوصی نوعیت کے تزویری تعلقات استوار ہیں: مصری صدر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کے سعودی عرب کے ساتھ خصوصی اور تزویری تعلقات استوار ہیں اور وہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔

انھوں نے یہ بات بدھ کو قاہرہ میں سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے افریقی امور احمد القطان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔اس موقع پر مصری وزیر خارجہ سامح شکری اور انٹیلی جنس سروس کے قائم مقام سربراہ عباس کامل بھی موجود تھے۔

صدر السیسی نے کہا کہ مصر سعودی عرب کے ساتھ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور مختلف علاقائی امور کے بارے میں سعودی عرب سے مشاورت اور روابط کو جاری رکھنا چاہتا ہے تاکہ عرب اور اسلامی اقوام کو درپیش چیلنجز سے ان کے عوام کے مفاد میں نمٹا جاسکے۔

مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے بتایا ہے کہ سعودی وزیر مملکت نے صدر السیسی کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات کے حوالے سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ہے۔

صدر السیسی نے بھی جواب میں خادم الحرمین الشریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی اہمیت کے حامل خصوصی تعلقات پر زور دیا ہے۔

مصری ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے اور بالخصوص افریقی ممالک کےساتھ سہ فریقی تعاون اور شراکت کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے تاکہ مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے وسائل اور صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لایا جاسکے۔

مقبول خبریں اہم خبریں