.

اسرائیلی فوج کا آنسو گیس کا شیل فلسطینی نوجوان کے چہرے پر پھٹ گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جمعے کے روز منظر عام پر آنے والی تصاویر میں غزہ پٹی میں ایک فلسطینی نوجوان کے چہرے کو اسرائیلی فوج کی جانب سے داغے جانے والے آنسو گیس کے ایک شیل کا براہ راست نشانہ بنتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

برطانوی اخبار "ڈیلی میل" کے مطابق یہ تصاویر خان یونس شہر کے مشرق میں لی گئیں جہاں مذکورہ شیل کے لگنے کے بعد 23 سالہ فلسطینی نوجوان ہیثم ابو سبلہ کو زمین پر پڑے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کا چہرہ خون میں لت پت ہو گیا اور اس کے مُنہ سے دھواں نکلتا دکھائی دے رہا ہے۔

مظاہرین نے فوری طور پر اس فلسطینی نوجوان کو غزہ میں ایک ہسپتال پہنچایا۔ ڈاکٹروں نے اس ے آئی سی یو میں رکھا اور پھر اس کا فوری آپریشن کیا گیا تا کہ چہرے سے آنسو گیس کے شیل کے ٹکڑے نکالے جا سکیں۔ آپریشن کے بعد نوجوان کی حالت بہتر ہے۔

جمعے کے روز غزہ پٹی اور اسرائیل کے درمیان سرحد کے نزدیک قابض فوج کی جانب سے مظاہرین پر اندھا دھند طریقے سے گیس کے شیل داغے گئے جس کے نتیجے میں 3 فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

غزہ اور اسرائیل کے بیچ واقع باڑ پر احتجاجی مظاہرے کے لیے ہزاروں فلسطینی جمع ہو گئے تھے۔