.

کُرد جنگجو گروپ نے ایرانی پاسداران انقلاب کے 9 اہلکار قتل کردیے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کی سرحد سے متصل ایران کے ضلع آذر بائیجان میں ایک کرد جنگجو گروپ نے آشنویہ کے علاقے میں کارروائی میں ایرانی پاسداران انقلاب کے 9 اہلکاروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق آذر بائیجان کی کرد عسکری تنظیم کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اشنویہ کے مقام پر پاسداران انقلاب کے ساتھ خون ریز جھڑپیں ہوئیں جس میں کم سے کم نو ایرانی فوجی ہلاک اور متعد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب پاسداران انقلاب نے کرد جنگجوؤں کے حملے میں ہلاکتوں کی تردید کی ہے۔

پاسداران انقلاب کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ متکبر عالمی طاقتوں کے حمایت یافتہ ایک دہشت گرد گروپ نے پاسداران انقلاب کی ایک چوکی پر حملہ کیا تھا جسے پسپا کردیا گیا ہے۔

ادھر دوسری جانب عراق میں کردوں کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کا تعلق کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے عسکری گروپ سے تھا۔ یہ جماعت ساٹھ سال سے کردوں کے حقوق کے لیے جدو جہد کررہی ہے۔

کردستان ڈیموکریٹک پارٹی کے مطابق اتوار کے روز تنظیم کے عسکری کارکنوں کے حملے میں 27 ایرانی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔