.

مصر میں پہلی مرتبہ حکومت میں 8 خواتین وزراء

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں جمعرات کے روز دو مزید خواتین کو وزیر مقرر کیے جانے کے بعد ملکی تاریخی میں پہلی مرتبہ کسی حکومت میں خواتین وزراء کی مجموعی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

مصر میں خواتین کی قومی کونسل کی سربراہ ڈاکٹر مایا مرسی اور تمام مرد و خواتین ارکان نے نئی وزارتی تشکیل پر انتہائی مسرت اور فخر کا اظہار کیا ہے جس نے مصر میں خواتین کے سینے ٹھنڈے کر دیے ہیں۔

مصری حکومت میں موجود آٹھ خواتین وزراء یہ ہیں :

ہالہ حلمی السعيد : یہ اس وقت منصوبہ بندی اور انتظامی اصلاح کی وزیر ہیں۔ قاہرہ یونیورسٹی میں اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس فیکلٹی کی سابقہ سربراہ کے والد بھی 1970ء میں بجلی کے وزیر رہ چکے ہیں۔ ہالہ کو بینکنگ سیکٹر کی شخصیت شمار کیا جاتا ہے۔

بيلہ مكرم : یہ اس وقت امیگریشن اور سمندر پار مصریوں کے امور کی وزیر ہیں۔ قاہرہ یونیورسٹی سے اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس میں گریجویشن کرنے والی بیلہ نے 1993ء مین وزارت خارجہ میں کام شروع کیا۔ وہ 2013ء سے دبئی میں نائب قونص جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔

سحر نصر : یہ اس وقت سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کی وزیر ہیں۔ وہ اپنے کیرئر میں اعلی عہدوں پر ذمے داریاں انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے قاہر یونیورسٹی سے اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس کے شعبے سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔

غادہ والی : یہ اس وقت سماجی یک جہتی کی وزیر ہیں۔ انہوں نے امریکا کی کولوراڈو یونیورسٹی سے لٹریچر اینڈ ہیومینٹیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے مختلف سرکاری اور اہم منصبوں پر ذمّے داریاں انجام دیں۔

ايناس عبدالدايم : یہ مصر میں وزیر ثقافت کا منصب سنبھالنے والی پہلی خاتون ہیں۔ انہوں نے فرانس جا کر فن کی دنیا کے معروف ادارے The École des Beaux-Arts سے ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ وہ موسیقی کی دل دادہ ہیں اور فلوُٹ بجانے سے بے پناہ شغف رکھتی ہیں۔

ڈاکٹر ہالہ زايد : یہ اس وقت مصر کی وزیر صحت ہیں۔ اس سے قبل وہ مختلف سرکاری عہدوں پر فائز رہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی بینک کی جانب سے نئے ہیلتھ انشورنس پروگرام کی نگرانی کی۔ وہ وزارت صحت میں انسداد دہشت گردی کمیٹی کی سربراہ بھی رہ چکی ہیں۔

ياسمين فؤاد : یہ اس وقت وزیر ماحولیات کے منصب پر فائز ہیں۔ مصر میں ماحولیات کی وزارت سنبھالنے والی یہ تیسری خاتون ہیں۔ انہوں نے قاہرہ یونیورسٹی میں اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس کے شبعے میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر بھی کام کیا۔ وہ وزارت ماحولیات میں قائم کیے گئے "آئیڈیاز بینک" کی بھی سربراہ رہیں۔

رانيا المشاط : یہ اس وقت وزیر سیاحت ہیں۔ انہوں نے امریکا کی میری لینڈ یونیورسٹی سے اکنامکس میں ماسٹرز اور ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ وہ متعدد سرکاری منصبوں پر فائز رہ چکی ہیں۔