.

الحدیدہ ایئرپورٹ کو آزاد کرا لینے کے بعد بڑی پیش رفت سامنے آئے گی : ترکی المالکی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے باور کرایا ہے کہ الحدیدہ شہر میں استحکام واپس لانے کے لیے یمنی حکومت کے ساتھ کام جاری ہے۔

بدھ کے روز العربیہ نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ الحدیدہ کے ہوائی اڈّے کو مکمل طور پر آزاد کرائے جانے کے بعد شہر کے محاذ پر بڑی پیش رفت سامنے آئے گی۔

ترجمان کے مطابق الحدیدہ کے ہوائی اڈّے کو آزاد کرانے کے معرکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حوثی ملیشیا شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے شہریوں کا نکلنا بند کر رکھا ہے اور وہ مساجد اور رہائشی علاقوں کو بھی استعمال میں لا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے یمن کے مغربی ساحل میں عرب اتحاد کی فورسز کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل عبدالسلام الشحی نے اعلان کیا تھا کہ عرب اتحاد کی سپورٹ سے یمنی فوج نے الحدیدہ کے ہوائی اڈے پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی کی جانب سے ٹوئیٹر پر جاری وڈیو میں الشحی کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈّے کو حوثیوں سے مکمل طور پر پاک کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی فوج الحدیدہ شہر کو مکمل طور پر آزاد کرا لینے تک وضع کردہ منصوبوں کے مطابق پیش رفت اور کارروائیاں جاری رکھے گی۔