مشرقی القدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کریں گے: السیسی

قضیہ فلسطین کا دو ریاستی حل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے قضیہ فلسطین کے حوالے سے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا ملک قضیہ فلسطین کے دو ریاستی حل اور مشرقی بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی حمایت جاری رکھیں گے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری صدر نے ان خیالات کا اظہار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر جارڈ کوشنر اور مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی جیسن گرین بیلٹ سے قاہرہ میں ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصر مسئلہ فلسطین کے جامع، دیر پا اور منصفانہ حل کے حوالے سے ہونے والی مساعی کی حمایت کرے گا۔

ملاقات کے موقع پر مصری وزیر خارجہ سامح شکری، انٹیلی جنس چیف عباس کامل اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اسرائیل کو سنہ 1967ء کی جنگ سے پہلے والی پوزیشن پر واپس جانے کا مطالبہ اصولی ہے اور دو ریاستی حل کا اس سے بہتر اور کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی یروشلم کو ہرصورت میں فلسطینی مملکت کے دارالحکومت کا درجہ ملنا چاہیے۔

مصری ایوان صدر کے ترجمان بسام راضی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے صدر السیسی اور امریکی مندوبین کے درمیان ہونے والی بات چیت کا احوال بیان کیا۔ ترجمان نے کہا کہ صدر نے امریکا کے ساتھ تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے، مشرق وسطیٰ میں دیر پا استحکام اور امن کے قیام کی مساعی میں مل کر کوششیں کرنے، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے اور خطے مین اقتصادی اور سماجی ترقی کے شعبوں میں کام کرنے پر زور دیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی مندوبین ان دنوں مشرق وسطیٰ کے ممالک کے دورے پر ہیں جہاں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے حل کے حوالے سے پیش کردہ امن فارمولے’صدی کی ڈیل‘ کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے علاقائی ممالک کی قیادت سے بات چیت کررہےہیں۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں