شہزادہ ولیم کی رام اللہ میں فلسطینی صدر ابو مازن سے ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

برطانوی شہزادہ ولیم نے بدھ کے روز مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ کا دورہ کیا۔ اس سے قبل انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا کہ مشرق وسطی میں امن قائم ہو جائے گا۔

برطانوی شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کے اسرائیل اور فلسطین کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر شہزادہ سلیم نے رام اللہ شہر کے نزدیک الجلزون کیمپ میں اقوام متحدہ کے زیر انتظام ایک طبّی تنصیب کا دورہ کیا۔

سرکاری خبر رساں ایجسنی WAFA کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے اس موقع پر کہا کہ فلسطینی جانب اسرائیل کے ساتھ امن کے لیے سنجیدہ ہے تا کہ دونوں ریاستیں 4 جون 1967ء کی سرحدوں پر امن اور استحکام کے ساتھ رہ سکیں۔

رام اللہ میں صدارتی ہیڈ کوارٹر میں شہزادہ ولیم کے استقبال کے موقع پر محمود عباس نے کہا کہ "ہم مذاکرات کے ذریعے امن تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ ہمارا یہ موقف طویل عرصے سے تبدیل نہیں ہوا۔ ہم سجھتے ہیں کہ برطانوی شہزادے کا یہ دورہ برطانوی اور فلسطینی دونوں عوام کے درمیان دوستی کے تعلقات کو مضبوط بنائے گا۔ ہمیں اپنے فلسطین کے منصفانہ مسئلے کے واسطے ہمیشہ سے برطانوی عوام کی سپورٹ کی ضرورت رہی ہے"۔

فلسطینی صدر نے بتایا کہ برطانوی حکومت نے حال ہی میں "امدادی ایجنسی "اونروا" کو سپورٹ پیش کی ہے۔ یہ ایجنسی فلسطینی اراضی میں پناہ گزینوں کی امداد کے لیے سرگرم ہے۔

ادھر شہزادہ ولیم نے اپنے فلسطین کے پہلے دورے پر مسرت کا اظہار کیا۔ وہ متعدد فلسطینیوں کے ساتھ ملاقات کریں گے اور مختلف ثقافتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

برطانوی ولی عہد کے صاحب زادے نے گرم جوشی کے ساتھ استقبال پر صدر محمود عباس کا شکریہ ادا کیا۔ شہزادہ ولیم نے کہا کہ "میں مسرور ہوں کہ میرا ملک آپ لوگوں کے ساتھ تعلیم کے میدان میں کام کر رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ تعاون خطّے میں امن تک پہنچنے کے واسطے جاری رہے گا"۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں