.

پی آئی اے حج آپریشن: پہلی پرواز 300 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ ہو گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

پکستان کی قومی فضائی کمپنی "پی آئی اے" نے قبل از حج آپریشن کا فلائٹ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پہلی خصوصی حج پرواز 14 جولائی کو کراچی سے300 عازمین کو لیکر مدینہ روانہ ہو گی۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق جناح ٹرمینل سے پہلی خصوصی پرواز پی کے7001مدینہ کیلئے روانہ ہو گی جس میں 300 عازمین ہوں گے جن کو پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول سیان سمیت دیگر افسران الوداع کریں گے۔ ترجمان کے مطابق حج کی دوسری خصوصی حج پرواز پی کے 7003 تین سو عازمین کو لے کر 14جولائی کی صبح 6 بج کر55 منٹ پر اسلام آباد سے مدینہ روانہ ہو گی۔ تیسری حج پرواز پی کے 7017 سولہ جولائی کو دوپہر ڈھائی بجے 300 سے زائد عازمین کو لے مدینہ روانہ ہو گی۔ چوتھی حج پرواز پی کے 0763 سترہ جولائی کو فیصل آباد سے دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر 300 کے قریب عازمین کو لے کر جدہ روانہ ہو گی۔

ترجمان کے مطابق 250 خصوصی اور شیڈول پروازوں کے ذریعے 60 ہزارعازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ پی آئی اے اس سال بھی اپنے ہی طیاروں کے ذریعے حج آپریشن مکمل کرے گی۔ قومی ائر لائن کے حج آپریشن کے ٓدوران بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 طیارے عازمین حج کو سفری سہولیات فراہم کریں گے۔ عازمین حج کی 14 جولائی کو شروع ہونے والی روانگی کا سلسلہ 15 اگست تک جاری رہے گا جبکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حاجیوں کی واپسی کے لیے بعد از حج آپریشن 27 اگست سے شروع کیا جائے گا۔