.

امارات : سیاحوں کو ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کی شرائط

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کی فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کی جانب سے ہفتے کے روز ایک پریس ریلیز میں اُن شرائط کا اعلان کیا گیا ہے جن کے تحت غیر ملکی سیاح امارات سے واپسی کے وقت ویلیو ایڈڈ ٹیکس VAT کی رقم کی واپس حاصل کر سکیں گے۔

اماراتی کابینہ کی جانب سے منظور کیے جانے والے نظام کے مطابق مذکورہ ٹیکس کی واپسی کے لیے بنیادی شرائط میں ضروری ہے کہ :

۔ سامان کی وصولی کے وقت سیاح امارات میں موجود ہو.

۔ سامان کی ترسیل کی تاریخ سے 90 روز کے اندر سیاح امارات سے کوچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہو اور کوچ کے وقت وہ سامان اس کے ہمراہ ہو.

۔ سامان کی ترسیل کی تاریخ کے بعد تین ماہ کے اندر سیاح اس سامان کو امارات سے باہر بھیج دے.

۔ سیاح نے سامان اُس ریٹیلر سے خریدا ہو جو اماراتی نظام کے تحت منظور شدہ ہو.

۔ سامان کی خرید کا عمل اماراتی فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے بیان کردہ طریقہ کار کے مطابق ہو.

۔ سامان ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی سے مستثنی نہیں ہونا چاہیے.

فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے مطابق اگر کوئی سیاح ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کے ساتھ سامان کی خریداری کا خواہش مند ہو تو ریٹیلر قانونی طور پر متعین کردہ نظام کے مطابق سیاح کو مطلوبہ رسیدیں فراہم کرنے کا پابند ہو گا۔

فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل خالد البستانی کے مطابق سسٹم آپریٹر ایک معاہدے کے تحت تمام ریٹیلرز کو مطلوبہ ٹکنالوجی فراہم کرے گا تا کہ وہ فیڈرل ٹیکس اتھارٹی کے ساتھ ساتھ ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور زمینی سرحدی گزر گاہوں کے ساتھ مربوط ہو سکیں۔

متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے گزشتہ ہفتے غیر ملکی سیاحوں کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کی واپسی کے نظام کی منظوری دی تھی۔ اس اقدام کے نتیجے میں سیاحت کے سیکٹر میں نمایاں ترقی اور نمو متوقع ہے۔