.

"آرامکو" نے سرکردہ پٹروکیمیکل کمپنی کے حصص خریدنے کے لئے کمر کس لی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی قومی کمپنی برائے پٹرولیم اور قدرتی گیس "آرامکو" کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امین الناصر نے بتایا ہے کہ ان کی کمپنی مملکت میں پٹرو کیمیکل مصنوعات تیار کرنے والی سرکردہ کمپنی "سابک" کا اسٹرٹیجک حصہ خریدنے کے لئے ابتدائی بات چیت کر رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس معاہدے پر دستخط سے "آرامکو" کی جانب سے اپنے حصص عوام کے لئے فروخت کرنے کا ٹائم فریم متاثر ہو سکتا ہے۔

ظہران میں واقع آرامکو کا شمار دنیا میں توانائی اورکیمکل تیار کرنے والی سرکردہ کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ نیز آرامکو سے ہی عالمی منڈیوں میں بڑے پیمانے پر خام تیل کی سپلائی ہوتی ہے۔

"العربیہ" سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امین الناصر نے بتایا کہ "سابک" جیسی کیمیکل کمپنی کے حصص خریداری کا "آرامکو" کی آمدن پر مثبت اثر ہو گا۔ انھوں نے بتایا کہ ایسا کرنے سے آرامکو کیمیکل منصوعات تیار کرنے والی ایک ایسی کمپنی کے حصص میں حصہ دار ہو گی جس کے بعد تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاو کے کمپنی پر منفی اثرات نہیں پڑیں گے۔

آرامکو سی ای او نے مزید کہا کہ حصص خریداری کا معاہدہ مسابقت اور مارکیٹ اتھارٹی کے ضوابط کی روشنی میں طے پائے گا۔ "ہم ابھی سابک کے حصص خریداری کے ابتدائی مراحل میں ہیں۔ حتمی معاہدہ طے پانے کے بعد ہی حصص خریداری کا کوئی ٹائم فریم دیا جا سکے گا۔"

برطانوی خبر رساں ادارے "رائٹرز" کے مطابق "سابک" کا شمار خلیج کی سب سے بڑی لسٹڈ کمپنیوں میں ہوتا ہے جبکہ اسے دنیا کی چوتھی بڑی پٹروکیمیکل کمپنی ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

جناب الناصر کے مطابق ان کی کمپنی کا معاصر "سابک" کے حصص مارکیٹ سے براہ راست خریدنے کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں ہے۔ انھوں نے مزید بتایا سعودی "آرامکو" عوام کو حصص فروخت کے لئے پیش کرنے کے ابتدائی مرحلے کی کارروائی کے لئے تیار ہے، تاہم اس کے وقت کا تعین مملکت خود کرے گی۔