.

یمن: صعدہ میں 20 حوثی ہلاک، اہم کمانڈر سمیت 28 قید

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے صوبے صعدہ کے مشرقی ضلعے الحشوہ میں سرکاری فوج نے حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں کو غیر متوقع حملے کا نشانہ بنایا۔ اتوار کے روز ہونے والی اس کارروائی میں حوثی ملیشیا کے 20 ارکان مارے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ 28 حوثیوں کو قیدی بنا لیا گیا جن میں زمینی کمانڈر ابو یاسر الخولانی شامل ہے۔

ایک عسکری کمانڈر کے مطابق کارروائی میں یمنی فوج کو عرب اتحاد کے طیاروں کی معاونت حاصل تھی۔ اس دوران کئی اہم ٹھکانوں کو آزاد کرا لیا گیا جن میں نمایاں ترین الربعہ کا پہاڑی سلسلہ اور اس کا عسکری کیمپ ہے۔

یمنی فوج نے مغربی ساحل کے علاقے میں عرب اتحاد کی معاونت سے ایک نیا عسکری آپریشن شروع کیا ہے۔ آپریشن کا مقصد صنعاء سے حوثیوں کے لیے آنے والی امدادی سپلائی لائن منقطع کرنا ہے۔ اس کے علاوہ فوج کی توپوں نے زبید شہر کے اطراف حوثی ملیشیا کے جتھوں اور ٹھکانوں کو گولہ باری کا نشانہ بنایا۔

عسکری ذرائع نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ آپریشن کے دوران یمنی فوج مشرقی ضلعے الدریہمی سے پیش قدمی کر رہی ہے۔