.

یمن : البیضاء میں 5 حوثی ہلاک ، الحدیدہ کے جنوب میں لڑائی جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں البیضاء صوبے کے ضلعے الزاہر میں عوامی مزاحمت کاروں کی دو علاحدہ کارروائیوں میں حوثی ملیشیا کے پانچ ارکان مارے گئے۔

زمینی ذرائع کے مطابق مارے جانے والوں میں سے دو حوثی جنگجو نشانچیوں کا ہدف بنے جب کہ دیگر تین حوثی باغی عوامی مزاحمت کاروں کی جانب سے لگائی گئی گھات کے دوران موت کے گھات اتار دیے گئے۔

ادھر مغربی ساحل کے محاذ پر یمنی فوج نے حوثی ملیشیا کے خلاف اپنی عسکری کارروائی جاری رکھی۔ کارروائی کا مقصد الدریہمی ضلعے کے مرکز پر کنٹرول واپس حاصل کرنا ہے۔ اس سے قبل حوثی ملیشیا کو مذکورہ ضلعے کے مرکز کے اطراف واقع کھیتوں اور علاقوں سے مار بھگایا گیا تھا۔

مقامی صحافتی ذرائع نے بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا شہریوں کے درجنوں خاندانوں کو الدریہمی ضلعے کے مغرب میں واقع دو علاقوں منظر اور قضبہ سے نقل مکانی پر مجبور کر چکے ہیں۔ یہ پیش رفت مذکورہ یمنی شہریوں کے گھروں کو توپ خانوں کی گولہ باری اور میزائل حملوں کا نشانہ بنانے کے سبب سامنے آئی۔