سعودی وزیر داخلہ کا حج میں شریک سکیورٹی فورسز کی تیاری کا معائنہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف بن عبدالعزیز نے رواں سال حج کے انتظامات میں شریک سکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ مکہ مکرمہ میں اسپیشل ایمرجنسی فورسز کے مرکز پہنچے تو ان کا استقبال مکہ مکرمہ صوبے کے نائب گورنر شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز اور دیگر متعلقہ اعلی عہدے داران نے کیا۔

اس موقع پر حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ فرسٹ جنرل سعید القحطانی نے ایک بیان میں بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور دیگر مقامات مقدسہ کے ساتھ حج سے متعلقہ علاقوں تک آنے والے تمام راستوں میں اپنی ذمّے داریوں کی انجام دہی کا آغاز کر دیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ خادم حرمین کی سرپرستی میں مملکت کی قیادت اللہ کے مہمانوں کے لیے راحت کا سامان مہیا کرنے کے سلسلے میں بھرپور توجہ کا اہتمام کر رہی ہے اور حجاج کرام کی حفاظت اور سلامتی کے واسطے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ کہ حجاج کی خدمت کے شرف کی ادائیگی اور ان کے تحفظ کے حوالے سے کسی بھی قسم کے تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔

بعد ازاں حج کے سکیورٹی منصوبے سے متعلق تمام فورسز کی پریڈ کا انعقاد ہوا۔ اس دوران عسکری گاڑیوں ، سکیورٹی طیاروں اور اسپشیل فورسز نے وزیر داخلہ کے سامنے کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

مقبول خبریں اہم خبریں