.

تصاویر: سرطان میں مبتلا شامی خاتون اول سرپوش اوڑھے منظر عام پر آ گئیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

چند روز قبل شامی صدر بشار الاسد کی اہلیہ اسماء الاسد میں کینسر کے مرض کی تشخیص کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیلی، اس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں وہ سرپوش کے ذریعے اپنے بال ڈھانپے دیکھی جا سکتی ہیں۔

شامی حکومت نواز ایک آن لائن ویب سائٹ نے یہ تصاویر شائع کی ہیں۔ شامی خاتون اول کی اپنے شوہر اور تین بچوں سولہ برس کے حافظ، چودہ سالہ زین اور تیرہ سالہ کریم کے ہمراہ یہ تصاویر دمشق کے علاقے باب توما کے ریستوران میں دوپہر کا کھانا کھانے وقت ہوٹل کے مالک کی خواہش پر بنوائی گئیں۔

تصاویر میں اسماء الاسد کا گرتا ہوا وزن، زرد چہرہ اور عوامی جگہ پر سکارف سے ڈھکا سر دیکھ کر تصاویر دیکھنے والے افراد کی بڑی اکثریت نے خیال کیا ہے کہ یہ حلیہ سرطان کے علاج کے لئے کی جانے والی کیموتھراپی کا نتیجہ ہے۔

شامی خاتون اول اسماء الاسد نے عید الاضحیٰ کے موقع پر دمشق کے نواحی علاقے حرستا کے ایک ہسپتال میں سرطان کے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کی تصاویر شامی ایوان صدارت کے فیس بک سوشل میڈیا پیج پر پوسٹ کی گئی تھیں جس میں انہیں اپنے سر پر پیلا سرپوش باندھے دیکھا جا سکتا ہے۔