.

صرف 2 منٹ کی نیند، امریکی فوجیوں کی انوکھی تکنیک!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

محاذ جنگ پر موجود فوجیوں کے لیے نیند پوری کرنا مشکل ہوتا ہے۔ امریکی فوج نے سپاہیوں کی نیند کی کمی کا ایک انوکھا طریقہ ایجاد کیا ہے۔ اس طریقے کے مطابق فوجی صرف دو مںٹ کی نیند کرسکتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دو منٹ کی نیند کی تکنیک برسوں پہلے آزمائی گئی تھی۔ یہ تکنیک ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو سونے سے قبل کسی قسم کی پریشانی کا شکار ہیں یا بہت زیادہ تھکان محسوس کرتے ہیں۔

سنہ 1981ء میں ایک امریکی مصنف لوئیڈ وینٹر نے ایک کتاب تالیف کی تھی۔ ’Relaxing and winning .. heroic performance‘ نامی کتاب میں بھی 120 سیکنڈ کی نیند کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ یہ کتاب زیادہ شہرت حاصل نہیں کرسکی تاہم اب اس کا ایک آن لائن ایڈیشن بھی تیار کیا گیا ہے اور کتاب انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ہے۔

مسلسل چھ ہفتوں تک مشق

دو منٹ کی نیند کی تکنیک کی 96 فی صد کامیابی کے لیے مسلسل چھ ہفتے تک مشق کرنا ضروری سمجھا جاتا ہے۔ یہ مشق اس لئے کرائی جاتی ہے تاکہ جہاز اڑانے والے ہوا باز اور حساس جنگی محاذوں پر موجود فوجی کسی غلطی کا ارتکاب نہ کریں۔

سنہ 2011ء میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا میں ہر تیسرا شخص نیند کی قلت کا شکار ہے۔

نیند کی قلت کے کئی اسباب ہیں جن میں ڈی پریشن، تھکاوٹ، منشیات کی عادت، نیکوٹین اور کافین کا استعمال بڑے اسباب ہیں۔ ویسے تو چوبیس گھنٹے میں ہرشخص کی نیند کی اپنی مخصوص مدت ہے مگربرطانوی قومی صحت کے ادارے کے مطابق بڑی عمر کے افراد کو 7 سے 9 گھنٹے کی نیند کرنی چاہیے۔

تکنیک

چہرے کے تمام عضلات بہ شمول زبان، منہ اور آنکھوں کے گرد پٹھوں کو ریلیکس کریں۔

اپنے کندھوں کو کم سے کم درجے کے سکون میں لائیں۔ اس کے بعد اپنے بازوؤں کے بالائی حصے کو نیچے کی طرف ریلیکس کریں۔

اس کے بعد گہراسانس لیں اور سینے پر دباؤ کم کردیں۔ اس کے بعد اپنی پنڈلیوں کو ریلیکس کریں اور اس کا آغاز رانوں سے پنڈلیوں کی طرف کریں۔

دس سیکنڈ کے جسمانی ریلیکس کے ساتھ اپنے ذہن کو تمام خیالات سے خالی کر دیں۔

تین تصورات

امریکی مصنف کی کتاب میں فوری نیند کے لیے تین تصورات بیان کیے گئے ہیں۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کو فوری نیند آئے تو ذہن میں تین طرح کے تصورات لائیں۔

اول: فرض کریں کہ آپ کسی خاموش اور پرسکون سمندر میں ایک کشتی پر لیٹے ہیں اور آپ کے اوپر صرف نیلا آسمان ہے۔

دوم:تصور کریں کہ آپ نے اپنے پورے جسم کو مخملی نرم وگداز کپڑے میں ڈھانپ رکھا ہے۔ وہ کپڑا ایک تاریک کمرے میں خلاء میں معلق ہے۔

سوم: بار بار 10 سیکنڈ تک ’نہ سوچو، نہ سوچو نہ سوچو‘ کے الفاظ دہرائیں۔