.

اسد رجیم ادلب میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کی تیاری کر رہا ہے: امریکا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسد رجیم ادلب شہر میں اپوزیشن کے خلاف آپریشن میں ممنوعہ اسلحہ اور کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تیاری کررہا ہے۔

شام کے لیے امریکا کے مندوب جیم جیفری نےکہا ہے کہ ان کے پاس اس بات کے ٹھوس شواہد اورثبو موجود ہیں کہ اسد رجیم شمال مغربی شامی شہر ادلب میں فوجی کارروائی کے دوران کیمیائی اسلحہ استعمال کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

خیال رہے کہ جیم جیفری کو گذشتہ ماہ شام کے لیے امریکا کا خصوصی ایلچی مقرر کیا گیا تھا۔ وہ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے مشیر خاص بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پورے وثوق اور یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ اسد رجیم ادلب میں فوج کشی کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرے گی۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادلب میں فوج کشی کا کوئی جواز نہیں۔ امریکا نے ادلب میں کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کی کھل کر مخالفت کی ہے۔ اسد رجیم ادلب میں فوجی کارروائی کی آڑ میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرے گی۔

جیم جیفری نے خبردار کیا کہ اگر شامی رجیم نے ادلب میں کیمیائی ہتھیار استعمال کیے تو ہم اس پر خاموش نہیں رہیں گے۔ امریکا کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی صورت میں غیر جانب دار نہیں رہے گا۔