.

دمشق کے ہوائی اڈے پر اسرائیلی میزائل حملے میں اسلحہ ڈپو تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شامی رجیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ دوسری طرف اطلاعات ہیں کہ دمشق کے ہوائی اڈے پر اسرائیل نے میزائل حملے میں اسلحہ کے ایک گودام کو نشانہ بنایا ہے۔

شامی خبر رساں اداروں نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فضائیہ نے اسرائیل کی طرف سے داغے گئے متعدد میزائل ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیے۔ اس کارروائی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم رات کے وقت کی گئی بمباری سے ہوای اڈے میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

’اے ایف پی‘ کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ میزائل حملوں اور جوابی کارروائی کے دوران فضاء روشن ہو گئی تھی۔

درایں اثناء شام میں انسانی حقوق کے آبزر ور رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ نامعلوم فضائی حملے میں دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایرانی اور حزب اللہ کے ایک اسلحہ گودام کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دمشق میں فضائی حملوں سے متعلق اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔