.

اگر مملکت کے خلاف کوئی قدم اٹھایا گیا تو جواب زیادہ بڑا ہو گا : سعودی ذمّے دار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی خبر رساں ایجنسی SPA نے ایک ذمّے دار ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب نے اسلامی دنیا میں اپنی قائدانہ حیثیت سے تاریخ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ مملکت نے خطّے اور سارے عالم میں امن و استحکام کو یقینی بنانے میں، شدت پسندی اور دہشت گردی کے انسداد میں جاری کوششوں کی قیادت میں اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے میں ہمیشہ بھرپور کاوشیں کی ہیں۔ سعودی عرب اب بھی ان مقاصد کے حصول کے لیے برادر اور دوست ممالک کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ یہ سب کچھ مملکت کے خصوصی مقام کی بنیاد پر ہے جو اُسے وحی کے نزول اور مسلمانوں کے قبلے کے حوالے سے حاصل ہے۔

مذکورہ ذریعے نے باور کرایا کہ مملکت ایک بار پھر کسی بھی قسم کی دھمکیوں اور ایسے بیانات کو مسترد کرتی ہے جن میں اقتصادی پابندیاں عائد کرنے، سیاسی دباؤ استعمال کرنے یا بے بنیاد الزامات کو دُہرائے جانے کا عندیہ دیا گیا ہو۔ ایسی تمام پست مساعی کا انجام حسب سابق زوال کی صورت میں سامنے آئے گا۔ حالات اور دباؤ جیسے بھی ہوں سعودی عرب کی حکومت اور عوام حسب عادت ثبات قدم رہیں گے۔

سعودی عرب یہ بھی باور کراتا ہے کہ اگر اسے کسی بھی اقدام کا سامنا کرنا پڑا تو وہ اس سے زیادہ بڑے پیمانے پر جواب دے گا۔ عالمی معیشت میں مملکت کی معیشت کا ایک مؤثر اور فعّال کر دار ہے۔ مملکت کی معیشت کے متاثر ہونے سے عالمی معیشت بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہے گی۔

مملکت سعودی عرب پروپیگنڈوں کی مہم اور بے بنیاد دعوؤں کا مقابلہ کرنے میں برادر ممالک کے اپنے ساتھ ہونے کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ علاوہ ازیں مملکت دنیا بھر میں اُن دانش وروں کی آوازوں کو بھی قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے جلد بازی کے بجائے حقیقت کی تلاش کا راستہ اپنایا۔ انہوں نے غیر متعلقہ مقاصد اور ایجنڈوں کے حصول کے واسطے افواہوں اور الزامات سے فائدہ اٹھانے کی مذموم کوشش نہیں کی۔