.

سعودی عرب کے روایتی مقام کو ضرر پہنچانے والی ہر چیز مسترد کرتے ہیں : کویت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کویت نے سعودی عرب کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ ایسی تمام کوششوں کے مقابلے میں مملکت کے ساتھ کھڑا ہے جن کا مقصد سعودی عرب کی سیادت اور اُس کے روایتی مقام کو نقصان پہنچانا ہو۔

کویت کے وزیراعظم کے نائب اور کابینہ کے امور کے وزیر مملکت انس خالد الصالح نے واضح کیا ہے کہ کویت اور برادر مملکت سعودی عرب کے درمیان اخوت کا مضبوط تعلق ہے اور کویتی کابینہ سعودی شہری جمال خاشقجی کے معاملے پر پوری توجہ دے رہی ہے۔

الصالح نے مملکت سعودی عرب کے خلاف الزامات اور پروپیگنڈوں کی صورت میں جاری ناروا اور غیر منصفانہ مہم پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

کویتی کابینہ نے زور دیا کہ خاشقجی کے معاملے کے حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے نتائج کا انتظار کیا جانا چاہیے۔

کویتی کابینہ نے اُس مہم کو یکسر مسترد کرنے کا اعلان کیا جس کا مقصد عرب ، اسلامی اور عالمی سطح پر مملکت سعودی عرب کے اونچے مقام کو نقصان پہنچانا ہے۔

کابینہ نے عرب ، اسلامی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کی سپورٹ میں سعودی عرب کے مثبت اور قائدانہ کردار کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔