شام: دیر الزور میں داعش کے خودکش حملوں میں ایس ڈی ایف کے 68 جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں عراق کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے بم حملوں اور لڑائی میں امریکا کی حمایت یافتہ شامی جمہوری فورسز ( ایس ڈی ایف ) کے اڑسٹھ ارکان ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے بتایا ہے کہ داعش نے سرحدی قصبے حاجن میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب شامی جمہوری فورسز کے حملے کو پسپا کرنے کے لیے خودکش بمباروں کو استعمال کیا ہے اور اس کے بمباروں نےایس ڈی ایف کے حملہ آور جنگجوؤں میں گھس کر دھماکے کیے ہیں۔ان حملوں میں ایس ڈی ایف کے ایک سو سے زیادہ ارکان زخمی ہوئے ہیں۔

ایس ڈی ایف کے ترجمان سیان ریان نے کہا ہے کہ ’’ ریت کے طوفان کی وجہ سے داعش کو جوابی حملہ کرنے کا موقع مل گیا۔اب مطلع صاف ہوگیا ہے اور امریکا کی قیادت میں اتحاد اپنے شراکت داروں کی حمایت میں داعش کے خلاف حملے جاری رکھے گا‘‘۔

داعش نے پیغام رسانی کی ایپ ٹیلی گرام پر ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے شام کے سرحدی گاؤں سوسہ میں جمعہ کی شب حملہ کیا تھا ۔اس کے علاوہ وہاں سے مزید جنوب میں دریائے فرات کے زیریں علاقے میں واقع گاؤں الباغوزہ میں بارود سے بھری ایک کار کو دھماکے سے اڑایا تھا۔

عرب اور کرد جنگجوؤں پر مشتمل ایس ڈی ایف نے گذشتہ ماہ سے امریکا کی قیادت میں اتحاد کی فضائی مدد سے شام کے سرحدی علاقے سے داعش کو نکال باہر کرنے کے لیے کارروائی شروع کررکھی ہے۔ داعش کا اس وقت شام میں عراق کی سرحد کے ساتھ واقع اس علاقے اور شمال مغربی صوبے ادلب کے بعض حصوں ہی پر کنٹرول باقی رہ گیا ہے۔

10 ستمبر کے بعد اس محاذ پر لڑائی میں ایس ڈی ایف کے 270 اور داعش کے 496 جنگجو ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکی اتحاد کے ایک تخمینے کے مطابق حاجن کے علاقے میں داعش کے کم وبیش دو ہزار ارکان موجود ہیں۔

رصدگاہ نے گذشتہ ہفتے امریکا کی قیادت میں اتحاد کے سوسہ پر فضائی حملوں میں اکتالیس شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔18 اور 19 اکتوبر کو فضائی حملوں میں مرنے والوں میں دس بچے بھی شامل تھے لیکن امریکی اتحاد کا کہنا تھا کہ اس نے 18 اکتوبر کو فضائی حملے میں داعش کی ایک کمان پوسٹ کو نشانہ بنایا تھا اور اس نے اس کے ایک روز بعد علاقے میں کسی فضائی حملے کی تردید کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں