.

سعودی عرب : ژالہ باری نے ضلع "میسان" کو سفید چادر اوڑھا دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ضلع "میسان" نے بارشوں اور ژالہ باری کے بعد مکمل طور پر سفید چادر اوڑھ لی۔ اس دل فریب منظر کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد کو متوجہ کر لیا۔ علاقے کے پہاڑ خوب صورت نظارہ پیش کر رہے ہیں۔ اس پر بعض صارفین نے اپنے تبصروں میں کہا ہے کہ "شادی کی دُلھن نے اپنا سفید لباس زیب تن کر لیا"۔

علاقے میں شدید بارشوں کے بعد تیز اور ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں جس کے نتیجے میں وہاں پہاڑوں اور سڑکوں کے درمیان اور درختوں پر موجود اولے کئی گھنٹے تک منجمد حالت میں باقی رہے۔

میسان کے علاقے کے مشہور ترین پہاڑوں میں جبل ابراہیم، العصیدہ، الحدب حصیر، اعذب، الخیالہ، قرن جعدہ، ملتح، حسیل، کوبان، بیضان اور جاوان شامل ہیں۔ ضلع کے معروف دیہات الحنشہ، اہل السائلہ، اہل الہضبہ، آل شعیث، حسیکہ، الحراء، مرقنہ، الکتمہ، الحدب ہیں۔

میسان کا ضلع پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کے حوالے سے معروف ہے۔ ان میں انگور، انار، کھیرا، کدو، انجیر، ٹماٹر، لوبیا، آڑو، ناشپانی اور سیب شامل ہیں۔ علاوہ ازیں علاقے میں گندم اور جو کی پیداوار بھی ہوتی ہے۔

فوٹوگرافر سلطان الربیعی نے اپنے ڈرون کیمرے سے لی گئی تصاویر خصوصی طور پر "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کو فراہم کیں۔ ان تصاویر میں ضلع میسان پر ہونے والی ژالہ باری کا جمال مجسم پیکر بن کر ظاہر ہو رہا ہے۔