.

حوثیوں نے جنگ بندی کی فوری خلاف ورزی کردی، الحدیدہ میں گولہ باری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی جنگ بندی کی مساعی کی دوبارہ خلاف ورزیاں شروع کر دی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حوثی باغیوں نے مغربی شہر الحدیدہ میں خوراک کے مراکز اور ایک کارخانے پر گولہ باری کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق یمنی فوج کے کرنل احمد الجحیلی نے کہا کہ حوثیوں نے ھوزر توپ خانے سے ڈیری فیکٹری، المخلافی کولڈ اسٹوریج اور ایک اور فیکٹری پر گولہ باری کی جس کے نتیجے میں یہ تمام کارخانے جل کر راکھ ہوگئے۔

کرنل الجحیلی نے کہا کہ حوثی باغی انتقامی پالیسیوں‌ پرعمل پیرا ہیں اور وہ بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ حوثیوں کی جانب سے الحدیدہ میں کارخانوں پر یہ گولہ باری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب دوسری جانب اقوام متحدہ نے یمن میں حکومت اور باغیوں کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں شروع کی ہیں۔ اقوام متحدہ کے یمن کے لیے مندوب مارٹن گریفیتھ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں یمن میں جنگ بندی کے لیے اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔ ان تجاویز میں فریقین پر حملے روکنے اور قیدیوں کو رہا کرنے پر زور دیا گیا ہے۔