.

بحرین میں پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کی پولنگ مکمل، ٹرن آئوٹ 67 فی صد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خلیجی ریاست بحرین میں ہفتے کے روز پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے لیے ہونے والی پولنگ ختم ہوگئی جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ انتخابات میں عوام نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور ٹرن آئوٹ 67 فی صد رہا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق منامہ اور دیگر علاقوں میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں‌نوجوان اور خواتین کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سےنکلی۔

بحرین کے وزیر انصاف الشیخ خالد بن علی آل خلیفہ نے بتایا کہ گذشتہ روز ہونے والے انتخابات میں ٹرن آئوٹ 67 فی صد رہا جوکہ ملک کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔ تاہم وزیرانصاف نے یہ نہیں بتایا کہ انتخابات کے نتائج کب جاری کیے جائیں گے۔

ادھر بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولنگ کا عمل 12 گھنٹے تک جاری رہا۔ پولنگ صبح آٹھ سے رات آٹھ بجے تک جارہی اور تمام 54 پولنگ مراکز پر لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔

"العربیہ" کے نامہ نگار کے مطابق پولنگ کے ابتدائی گھنٹوں کے دروان پولنگ اسٹیشنوں پر عوام کا بہت زیادہ رش تھا اور لوگ قطار میں لگ کر ووٹ ڈال رہے تھے۔ نامہ نگار کے مطابق ہفتے کے روز بحرین میں ہونے والے پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات میں ہرعمر کے افراد اور خواتین نے بھی بھرپورحصہ لیا۔