.

بحرین کے انتخابی نتائج بیرونی مداخلت کو یکسر مسترد کر دینے کا ثبوت ہیں: الجبیر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ مملکت بحرین میں پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات کے نتائج اور انتخابات میں رائے دہندگان کی بڑے پیمانے پر شرکت ثابت کرتی ہے کہ بحرین کے عوام نے اپنے داخلی معاملات میں بیرونی مداخلت کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

الجبیر نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ ملکی تاریخ میں انتخابات میں شرکت کا اعلی ترین تناسب اس بات کو باور کراتا ہے کہ بحرین کے عوام کی یک جہتی اور اپنی قیادت پر اعتماد میں شک کی کوئی گنجائش نہیں۔

بحرین کے وزیر انصاف شيخ خالد بن علی آل خلیفہ کے مطابق پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات میں ٹرن آؤٹ 67% رہا۔

پولنگ کے آغاز کے ابتدائی گھنٹوں میں ہی لوگوں کی جانب سے وسیع پیمانے پر دل چسپی دیکھنے میں آئی جن میں نوجوانوں اور خواتین کے علاوہ عمر رسیدہ افراد کی موجودگی بھی قابل ذکر تھی۔

حالیہ انتخابات میں ووٹ دینے کے اہل افراد کی تعداد سب سے زیادہ 3.65 لاکھ کے قریب تھی جب کہ انتخابی امیدواروں میں 459 مرد اور 47 خواتین شامل تھیں۔

ووٹرز نے پارلیمنٹ کے 40 ارکان اور 30 بلدیاتی کونسلوں کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔