.

سعودی عرب میں آج سے "جی سی سی" کا 39 واں سربراہ اجلاس شروع

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی میزبانی میں آج اتوار کے روز خلیجی تعاون کونسل"جی سی سی" کا 39 واں سربراہ شروع ہو رہا ہے۔ اجلاس کی صدارت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کریں‌گے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق الریاض میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے اجلاس کے ایجنڈے میں کئی اہم موضوعات زیربحث ہں گے۔ ان میں خلیجی ممالک کا مشترکہ ایکشن پلان، سیاسی ، دفاعی، اقتصادی اور قانونی شعبوں میں کونسل کے رکن ممالک کے درمیان تعاون میں پیش رفت کاجائزہ اور کونسل کو درپیش مشترکہ چیلنجز کے حل پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں خطے کی مجموعی صورت حال، عالمی مسائل، خطے کی سیکیورٹی کی صورت حال، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ، یمن کا بحران، یمن کے حوالے سے سویڈن میں ہونے والی بات چیت اور عرب ممالک کے اندرونی امورمیں ایرانی مداخلت پر بھی بحث کی جائے گی۔

خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی نے کونسل کے 39 ویں سربراہ اجلاس کو انتہائی اہمیت کا حامل قراردیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی"ایس پی اے" سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر الزیانی نے کہا کہ خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس کا انعقاد کونسل کی قیادت کے اس عزم کا اظہار ہے کہ خطے کے ممالک اپنے مسائل کے حل کے لیے مل کر کوششیں جاری رکھنے پر مصر ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس خلیج تعاون کونسل کا اجلاس 5 دسمبر کو کویت میں ہوا تھا۔ اس اجلاس میں بھی خلیجی قیادت نے ترقی اور خوشحالی کا مشترکہ سفر جاری رکھنے اور تعاون کے فروغ کے لیے کوششیں مربوط بنانے سے اتفاق کیا گیاتھا۔