.

لیبیا : وزارت خارجہ کی عمارت پر حملہ ، 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں منگل کے روز وزارت خارجہ کی عمارت پر ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں سرکاری ملازمین سمیت کم از کم 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ 12 زخمی ہو گئے۔

العربیہ کے ذرائع کے مطابق حملہ دو خود کش بمباروں نے کیا۔ ان میں ایک نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب کہ دوسرا لیبیا کی سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مارا گیا۔

العربیہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں لیبیا کی وزارت خارجہ میں اسلامی تعاون کے شعبے کے ڈائریکٹر ابراہیم الشابی بھی شامل ہیں۔

ابھی تک کسی تنظیم نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

حملے کے بعد لیبیا کے دفتر خارجہ کی عمارت کے اندر دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دی گئیں جس کے بعد عمارت سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔