.

دمشق میں اسرائیلی بم باری سے حزب اللہ اور پاسداران انقلاب کے مراکز تباہ

اسرائیل کا اسلحہ کےتین گودام تباہ کرنے کا دعویٰ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی پاسداران انقلاب اور لبنانی حزب اللہ ملیشیا کےٹھکانوں پر فضائی حملے کیے ہیں جن میں حزب اللہ کے کم سے کم تین اسلحہ گودام تباہ ہوگئےہیں۔

شام میں انسانی حقوق کے آبزرور رامی عبدالرحمان نے 'الحدث' چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے دمشق کے نواحی علاقون الکسوۃ اور الدیماس میں حزب اللہ کے مبینہ ٹھکانوں پر بمباری کی۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے دمشق کے جنوب اور مغرب میں حزب اللہ اور ایرانی ملیشیا کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب شامی ذرائع ابلاغ نے رات گئے خبر دی کہ اسرائیلی میزائل حملوں‌ سے دمشق کے نواحی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

'العربیہ' چینل کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیل نے شام پر بمباری کے لیے لبنان کی فضائی حدود کو استعمال کیا ہے۔شامی محکمہ دفاع نے جوابی میزائل داغے ہیں اور ایک میزائل لبنان کی وادی البقاع میں گرا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس میں العربیہ کے نامہ نگار نے بتایا کہ شام کی طرف سے داغے گئے میزائلوں کے خلاف اسرائیل نے اپنے دفاعی نظام کو فعا کردیا تھا۔ وادی گولان کی فضاء میں ایران کےمتعدد میزائل روک دیئے گئےے ہیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ وادی گولان پر روکے گئے میزائل شام سے داغے گئے تھے۔