.

نیشنل گارڈز کے جواں سال سربراہ شہزادہ عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز کون ہیں؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی حکومت نے کابینہ میں رد وبدل کرتے ہوئے جواں سال شہزادے عبداللہ بن بندر بن عبدالعزیز کو نیشنل گارڈز کا وزیر مقرر کیا ہے۔ نئی ذمہ داری سے قبل شہزادہ عبداللہ بن بندر بیک وقت میں مکہ مکرمہ کے نائب گورنر اور شاہ سلمان یوتھ سینٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین کے طور پر خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

شہزادہ عبداللہ بن بندر دو سال تک مکہ معظمہ کے ڈپٹی گورنر رہے اور حج امور کی فعال انداز میں براہ راست نگرانی کرتے رہے۔

شہزادہ عبداللہ بن بندر کا شمار سعودی عرب کے نوجوان شہزادوں میں ہوتا ہے۔ انہیں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ کئی اہم تقریبات میں‌ پیش پیش دیکھا گیا۔ سعودی عرب میں‌ نیشنل گارڈز کی اہم ترین وزارت کا قلم دان سونپا جانا اس بات کا مظہر ہے کہ حکومت ان کی کارکردگی سے مطئمن ہے۔

سعودی عرب میں نیشنل گارڈ کی وزارت کو انتہائی اہمیت کا حامل خیال کیا جاتا ہے اور ریاست کی حساس نوعیت کی سیکیورٹی کی ذمہ داری اسی ادارے کے کندھوں پرہوتی ہے۔ سعودی عرب میں سرکاری سطح پر منائے جانے والے الجنادریہ ثقافتی میلے کی سیکیورٹی کی ذمہ داری بھی نیشنل گارڈز کے پاس ہوتی ہے۔ قریبا ایک ماہ تک جاری رہنے اس میلے کو مملکت کا اہم ترین ثقافتی میلہ خیال کیا جاتا ہے۔