.

مصر: سیاحوں کی بس پر بم حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 40 دہشت گرد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر ی سکیورٹی فورسز کی صوبے شمالی سیناء اور جیزہ میں تین مقامات پر کارروائی میں 40 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مصر کی وزارت داخلہ نے ہفتے کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے جیزہ میں سیاحوں کی ایک بس پر حملے کے بعد یہ کارروائی کی ہے اور مشتبہ دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے ہیں۔

وزارت کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے مشتبہ دہشت گردوں کی کمین گاہوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔دہشت گرد گروپ سکیورٹی مراکز اور مسیحیوں کے گرجا گھروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

جمعہ کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے نزدیک واقع شہر جیزہ میں سیاحوں کو ایک بس کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین ویت نامی سیاح ہلاک اور دس زخمی ہوگئے تھے۔

وزارت داخلہ کی اطلاع کے مطابق سیاحوں کی بس تاریخی اہرام ِ مصر کے نزدیک المریوطیہ کی شاہراہ پر محو ِ سفر تھی اور اس دوران میں سڑک پر نصب بم دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔ مصری سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر اس علاقے کو خالی کرا لیا تھا اور مہلوکین کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا تھا۔