.

ڈاکٹر نبیل الخطیب ’العربیہ‘ اور ’الحدث‘ کے نئے جنرل مینیجر مقرر

دونوں چینلز کے لئے سینئر صحافی عبدالرحمان الراشد کی سربراہی میں چار رکنی مجلس مشاورت کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مڈل ایسٹ براڈکاسٹنگ سینٹر ’’ایم بی سی‘‘ کی مجلس انتظامی کے سربراہ ولید الابراہیم نے منگل کے روز "العربیہ" اور "الحدث" نیوز چینلز کے لیے ایک ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔ بورڈ کے سربراہ عبدالرحمن الراشد ہوں گے جب کہ دیگر ارکان میں مازن تركی السديری، علی الحدیثی، سلمان الدوسری اور فیصل عبّاس کے نام شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر نبیل الخطیب کو مذکورہ دونوں چینلز کا جنرل مینجر مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر الخطیب کا تقرر معروف صحافی ترکی الدخیل کی جگہ عمل میں آیا ہے جو 29 جنوری 2015 سے اس عہدے پر اپنی ذمے داریاں انجام دے رہے تھے۔

اس حوالے سے جاری کردہ پیغام میں ولید الابراہیم کا کہنا تھا کہ "ایڈیٹوریل بورڈ قائم کرنے کا مقصد دونوں چینلوں کو بہترین تجربے کی حامل افرادی قوت اور مہارت فراہم کرنا ہے۔ اس خود مختاری کے ساتھ جو پیشہ وارانہ خصوصیت کی اعلی ترین سطح کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے"۔ ایڈیٹوریل بورڈ العربیہ اور الحدث چینلوں کی انتظامیہ کو سپورٹ کرے گا اور ایڈیٹوریل اور فنی مہارت کو بڑھانے کے لئے اقدامات کرے گا۔

جناب الابراہیم نے ڈاکٹر نبیل الخطیب کی گروپ میں ایک مرتبہ پھر واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی تعلیمی، صحافتی اور انتظامی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئے جنرل مینجر کی قیادت میں یہ نیوز نیٹ ورک بلندیوں کی نئی سطح کو چُھو لے گا۔ ڈاکٹر نبیل الخطیب 13 برس تک العربیہ نیوز چینل کے ساتھ وابستہ رہ چکے ہیں۔

سی ای او ایم بی سی ولید الابراہیم نے گزشتہ عرصے میں العربیہ اور الحدث چینلوں کے انتظامی امور کی باگ ڈور سنبھالنے پر سابق جنرل مینجر ترکی الدخیل کا شکریہ ادا کیا۔